کمٹہ 27/اپریل (ایس او نیوز) کمٹہ تعلقہ کے تارے باگیل گرام کی ندی پر پل کی تعمیر غیر سائنٹفک انداز میں ہونے کی وجہ سے یہاں پر رہنے والے 200ماہی گیر خاندانوں کو بھاری مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جس کے خلاف متاثرہ امبیگا کمیونٹی کے افراد نے کمٹہ اسسٹنٹ کمشنر کو میمورنڈم دیتے ہوئے اپنے مسائل کرنے کی مانگ کی ہے۔
میمورنڈم کے مطابق اگناشی ندی کے کنارے پر واقع کوڈکنی اور آئیگل کوروے نامی گاؤں کو جوڑنے کے لئے حکومت کی طرف سے پل کی تعمیر کو منظوری مل گئی ہے۔ لیکن تعمیراتی ٹھیکے دار نے پل کی تعمیرکے مقام پر ندی میں مٹی کا ڈھیر جمع کردیا ہے جس سے پانی کا بہاؤ بند ہوگیا ہے۔ اس کی وجہ سے عوام کو بے انتہا تکلیف ہورہی ہے اور پانی کا بہاؤ دوسرے طرف بڑھ جانے کی وجہ سے خطرناک صورتحال پیداہوگئی ہے۔ ایسی حالت میں چھوٹی چھوٹی کشتیوں پر ماہی گیری کے لئے نکلنا اپنی جان کو ہتھیلی پر لے کر چلنے جیسا ہوگیا ہے۔اور ماہی گیری ہی یہاں کے عوام کے گزر بسر کا واحد ذریعہ ہے۔
میمورنڈم میں سرکاری افسران سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ غریب ماہی گیروں کے اس مسئلے کا جائزہ لیں اور ان کے لئے فوری راحت دلانے کا کام کریں۔اس کے علاوہ غیر سائنٹفک انداز میں پل کی تعمیرکا کام انجام دینے والے ٹھیکے دار کے خلاف ضروری کارروائی کی جائے۔